Time 24 فروری ، 2021
کھیل

فواد اور رضوان کی سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی، حفیظ نے سی کیٹیگری کی پیشکش مسترد کردی

حفیظ کے انکار سے مایوسی ضرور ہوئی ہے لیکن ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، وسیم خان— فوٹو:فائل

ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی پر کر کٹر فواد عالم اور محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی مل گئی جبکہ محمد حفیظ نے سی کیٹیگری کی پیشکش مسترد کردی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ و سابق کپتان محمد حفیظ کو سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری کی پیش کش کی مگر انہوں نے اسے قبول کرنے سے معذرت کرلی۔

پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ حفیظ کے انکار سے مایوسی ضرور ہوئی ہے لیکن ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

دوسری جانب ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فواد عالم اور وکٹ کیپر رضوان احمد کو ترقی دی گئی۔ 

رضوان سینٹرل کنٹریکٹ کی بی سے اے کیٹیگری میں آگئے جبکہ فواد عالم کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی اے پلس سے سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹیگری دے دی گئی۔

موجودہ سنٹرل کنٹریکٹ  کی کیٹیگری اے میں اظہر علی، بابر اعظم ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی  جبکہ  بی کیٹیگری میں عابد علی، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد عباس، سرفراز احمد، شاداب خان، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری سی میں فواد عالم کے ساتھ فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، نسیم شاہ اور عثمان شنواری ہیں جبکہ ایمرجنگ پلیئرز  کی کیٹیگری میں حیدر علی، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل ہیں۔

مزید خبریں :