پاکستان
Time 25 فروری ، 2021

لاہور چڑیا گھر میں 3 جانوروں کو غیر طبعی موت کیوں دی جارہی ہے؟

لاہور چڑیا گھر کے 3 جانور سفید ٹائیگر ، زیبرا اوربھورا ریچھ اپنی طبعی عمر پوری کرنے کے بعد انتہائی لاغر اوربیمار ہوچکے جب کہ  انتظامیہ کاکہنا ہے کہ یہ تینوں جانور اب خوراک لینے سے بھی قاصر ہیں  اس لیے انہیں غیر طبعی موت دینے کے لیے اعلیٰ حکام سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔

لاہور چڑیاگھر انتظامیہ کے مطابق لاغرسفید ٹائیگر کی عمر 16 سال ہوچکی، قدرتی ماحول میں اس کی اوسطاًعمر 8 سے 10 سال تک رہتی ہے جب کہ چڑیا گھروں کے محفوظ ماحول میں ان کی عمر بڑھ کر 15سال تک ہوجاتی ہے، یہ سفید ٹائیگرخون کی بیماری کے باعث چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہے۔

انتظامیہ کے مطابق بھور ے ریچھ کی اوسطاً عمر 25 سال جب کہ چڑیا گھر میں 30 سال تک ہوتی ہے، 2005 میں چڑیا گھر لایاجانے والا بھورا ریچھ بھی بیمار اورکمزور ہو چکا ہے۔

اس کے علاوہ برچل زیبرا کی قدرتی ماحو ل میں طبعی عمر 25 سال تک اورچڑیا گھروں میں16 سال تک ہوتی ہے، چڑیا گھر کا بوڑھا زیبرا بھی چلنے پھرنے سے قاصر اوربیمارہے جسے فوڈ سپلیمنٹ پر زندہ رکھا گیاہے۔

چڑیا گھر انتظامیہ نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کو ایک خط لکھ کر انہیں تلف کرنے کی اجازت طلب کی ہے، محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب نےاس حوالے زو مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس اگلے ماہ طلب کیا ہے۔

مزید خبریں :