لیڈی گاگا کا اپنے چوری شدہ کتے واپس لانے والے کیلیے کروڑوں روپے انعام کا اعلان

لیڈی گاگا نے اپنے دونوں کتوں کو محفوظ حالت میں لانے والے کے لیے 5 لاکھ ڈالرانعام کا اعلان کیا ہے،فوٹو: فائل

معروف امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا کے 2 کتے چوری کرلیے گئے جس پر انہوں نے کتوں کو محفوظ لانے والے کے لیے 5 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ روز ویسٹ ہالی وڈ میں واقع گلوکارہ کے گھر کے قریب پیش آیا۔

 رپورٹ کے مطاق لیڈی گاگا کا ملازم ان کے تین کتوں کو ٹہلانےکے لیےگھر سے باہر نکلا ہوا تھا کہ اس دوران 2 نامعلوم حملہ آوروں نے اس سے کتے چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر اس پر فائرنگ کردی، سینے پر 4 گولیاں لگنے پر ملازم نیچے گرگیا اور حملہ آور  2 اعلیٰ نسل کے مہنگےکتے لے کر فرار ہوگئے جب کہ 'مس ایشیا' نامی کتیا جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی جسے بعد ازاں پولیس نے تحویل میں لے لیا۔

واقعے کے بعد زخمی ملازم کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

اٹلی میں موجود لیڈی گاگا واقعے کی اطلاع سن کر شدید پریشان ہوگئیں اور رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنے دونوں کتوں کو محفوظ حالت میں لانے والے کے لیے 5 لاکھ ڈالر(7 کروڑ 91 لاکھ34 ہزار روپے) انعام کا اعلان کیا ہے اور کہا ہےکہ کتے لانے والے سے متعلق کوئی سوال نہیں کیا جائےگا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ ملزمان کا مقصد لیڈی گاگا کے کتوں کو ہی چوری کرنا تھا یا یہ اتفاقیہ واردات ہے، کیونکہ فرانسیی نسل کے بل ڈوگ کتوں کی کافی مانگ ہے اور ایک کتا 1500 سے 3ہزار ڈالر میں باآسانی فروخت ہوسکتا ہے اور بعض کی قیمت تو 10 ہزار ڈالر تک بھی چلی جاتی ہے۔

مزید خبریں :