دنیا
Time 25 فروری ، 2021

مصر میں مردوں کو دوسری شادی راز رکھنے پر قید اور بھاری جرمانےکی سزا کا قانون تیار

نئے قانون میں پہلی بیوی کو شوہر سے طلاق لینے کا قانونی حق بھی دیا گیا ہے،فوٹو: فائل

مصر میں مردوں کو دوسری شادی راز  رکھنے پر قید اور بھاری جرمانےکی سزا کا قانون تیار کرلیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق 58 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ قانون حکومت کی جانب سے پیش کردیا گیا ہے۔

 مسودہ قانون کے تحت مرد کو دوسری شادی کے لیے پہلی بیوی سے پیشگی اجازت لینا ہوگی، پہلی بیوی کی منظوری کے بغیر یا دوسری شادی کو راز میں رکھنے پر سزاؤں کا تعین کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق خلاف وزری کے مرتکب شوہروں کو 1 سال قید اور 2 تا 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا اور بعض صورتوں میں قید اور جرمانہ دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔

نئے قانون میں پہلی بیوی کو شوہر سے طلاق لینے کا قانونی حق بھی دیا گیا ہے۔

پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسرا نکاح پڑھانے والے نکاح خواں کو 1سال قید اور جرمانہ ہوگا،نئے مسودہ قانون میں شادی کےلیےلڑکے اور لڑکی کی کم سےکم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے۔

18سال سےکم عمرافراد کی شادی کرانے پر 1سال قید اور 2 تا 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔

مزید خبریں :