26 فروری ، 2021
پشاور: الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا نے سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی۔
صوبائی الیکشن کمیشن کی جاری کردہ فہرست کے مطابق 16 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے جس کے بعد خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر 25 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
فہرست کے مطابق جنرل نشست پر تحریک انصاف کی طرف سے شبلی فراز ، لیاقت ترکئی ، ذیشان خانزادہ، محسن عزیز اور فیصل سلیم امیدوارہوں گے جب کہ جنرل نشست پر تاج محمد آفریدی بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار ہیں۔
جنرل نشست پر جے یو آئی (ف) کے مولانا عطا الرحمان اور طارق خٹک امیدوار ہوں گے جب کہ جنرل نشست پر مسلم لیگ (ن) کے عباس آفریدی، اے این پی کے ہدایت اللہ خان اور جماعت اسلامی کے عطاءالرحمان امید وار ہوں گے ۔
ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر ہمایوں اوردوست محمد امیدوار ہیں جب کہ ٹیکنوکریٹ نشست پر پیپلزپارٹی سے فرحت اللہ بابر، اے این پی سے شوکت جمال اور جماعت اسلامی کے اقبال خلیل امیدوار ہیں۔
خواتین کی نشستوں پر تحریک انصاف سے ثانیہ نشتر اور فلک ناز چترالی، جے یوآئی ف کی نعیمہ کشور ،اے این پی کی تسلیم بیگم اور جماعت اسلامی کی طرف سے عنایت بیگم امید وار ہیں۔
اقلیت کی نشست پر تحریک انصاف کے گوردیپ سنگھ ، جے یوآئی ف کے رنجیت سنگھ، جماعت اسلامی کے جاوید گل اور اے این پی کے طرف سے آصف بھٹی امیدوار ہوں گے۔