26 فروری ، 2021
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری نے سری لنکا کی حکومت کی جانب سے کورونا سے انتقال کرجانے والے مسلمانوں کی میتوں کو سپرد خاک کرنے کی اجازت کو خوش آئند قرار دے دیا۔
ذلفی بخاری کا کہنا تھاکہ سری لنکا نے پاکستان کی درخواست پر کورونا سے انتقال کرجانے والے مسلمانوں کی میتوں کو جلانے کے بجائے سپرد خاک کرنے کی اجازت دی۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیر اعظم کے دورہ سری لنکا کے چند گھنٹوں بعد ہی سری لنکن حکومت کا سرکاری حکم نامہ جاری کرنا نہایت خوش آئند ہے، یہ وزیراعظم کی پالیسیوں کی جیت ہے۔
خیال رہے کہ سری لنکن حکومت نے کورونا وائرس سے مرنے والے مسلمانوں کی تدفین پر عائد پابندی اٹھالی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔