27 فروری ، 2021
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹسمین حیدر علی نے ایک بار پھر روہت شرما جیسا بیٹسمین بننے کی خواہش ظاہر کر دی۔
پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد انٹرویو میں حیدر علی نے کہا کہ روہت شرما ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، خواہش ہے کہ جیسا انڈین بیٹسمین کھیلتے ہیں، میں بھی اس انداز میں بیٹنگ کروں۔
پاکستان سپر لیگ میں اپنے ارادے اور اہداف پر بات کرتے ہوئے پشاور زلمی کے 20 سالہ بیٹسمین نے کہا کہ خواہش تو ٹورنامنٹ کا ٹاپ بیٹسمین بننے کی ہے لیکن اگر ٹاپ نہ بھی بن سکا تو کوشش یہی ہو گی کہ پانچ بہترین بیٹسمینوں میں جگہ بناؤں۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑی کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا بہت مفید ہے، شعیب ملک فیلڈ میں اور فیلڈ سے باہر بھی بہت رہنمائی کرتے ہیں، کوئٹہ کے خلاف ہونے والے میچ میں شعیب ملک نے بس یہ مشورہ دیا تھا کہ صورتحال کے مطابق اپنا نیچرل کھیل کھیلو۔
پاکستان کی جانب سے 10 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز اور دو ایک روزہ میچز کھیلنے والے جارح مزاج بلے باز نے کہا کہ جب کوئی کرکٹر قومی ٹیم کی نمائندگی کر لیتا ہے تو اس کے بعد فینز اور ٹیم کی اس سے توقعات اور بھی بڑھ جاتی ہے اس لیے ان کی ہر میچ میں یہی کوشش ہوتی ہے کہ توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتے ہوئے گراؤنڈ میں اپنا 100 فیصد دوں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہائی اسکورننگ میچ میں پشاور زلمی کی فتح پر بات کرتے ہوئے حیدر علی کا کہنا تھا کہ میچ پورے ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، مینجمنٹ اور پلیئرز کا بس ایک پلان تھا اور وہ یہ کہ میچ کو آخر تک لے کر جانا ہے، ٹیم نے یہی کوشش کی اور آخر میں کامیابی ملی جس پر سب خوش ہیں، آنے والے میچز میں بھی پرفارمنس اور کامیابی کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔
ٹیم | میچ | پوائنٹ |
---|---|---|
لاہور قلندرز | 10 | 14 |
ملتان سلطان | 10 | 12 |
اسلام آباد یونائیٹڈ | 10 | 12 |
پشاور زلمی | 10 | 10 |
کراچی کنگز | 10 | 6 |
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 6 |