27 فروری ، 2021
پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ ٹیم کی بیٹنگ اچھا پرفارم کر رہی ہے اور اچھا ٹوٹل پوسٹ کر رہی ہے مگر بولرز سے کوشش کے باوجود پرفارم نہیں ہو پا رہا۔
پشاور زلمی کے خلاف میچ میں کوئٹہ کی شکست کے بعد معین خان نے کہا کہ وہ اس بات سے متفق نہیں کہ انیسویں اوور میں میچ ہارے اور فیلڈنگ کی کوتاہیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حیدر علی اچھا کھیل رہے تھے، ان کا کیچ ڈراپ کیا، پھر رن آوٹ مس کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے میچز میں فیلڈنگ کا کردار اہم ہوتا ہے اس لیے ہمیں فیلڈنگ بہتر کرنا ہو گی، ٹورنامنٹ میں دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم اچھا کر رہی ہے ایسے میں فیلڈنگ کا کردار کافی اہم ہو جاتا ہے۔
معین خان کا کہنا تھا کہ گلیڈی ایٹرز ہر میچ میں اپنی جانب سے پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن کنڈیشن ہمارے حق میں نہیں جا رہی، جب گیند گیلا ہو جاتا ہے تو مشکل ہوتی ہے لیکن ایسے میں بولرز کو تھوڑی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بولنگ میں ورائٹی لانا ہوتی ہے، بطور کوچ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ بولرز کا مورال گرنے نہ دیں۔
ہیڈ کوچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم کے کپتان اور وکیٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی بھی تعریف کی اور کہا کہ سرفراز ایک شاندار پروفیشنل کرکٹر ہیں اور جب بھی ٹیم کو ضرورت پڑی سرفراز نے پرفارم کرکے دیا ہے، پاکستان ہو یا گلیڈی ایٹرز، ان کی صلاحتیوں پر کسی کو شک نہیں، وہ یہاں وہاں کی ہٹنگ نہیں کرتے بلکہ پراپر شاٹس کھیلتے ہیں۔
معین خان کا مزید کہنا تھا یقینی طور پر پاکستان ٹیم میں کم بیک کرنا بھی سرفراز کے ذہن میں ہے اور وہ اس کے لیے محنت کر رہے ہیں، رضوان بھی اچھی فارم میں ہیں اور شاندار کھیل رہے ہیں، دونوں کے درمیان صحتمند مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے جو اچھی بات ہے۔
ٹیم | میچ | پوائنٹ |
---|---|---|
لاہور قلندرز | 10 | 14 |
ملتان سلطان | 10 | 12 |
اسلام آباد یونائیٹڈ | 10 | 12 |
پشاور زلمی | 10 | 10 |
کراچی کنگز | 10 | 6 |
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 6 |