پاکستان
Time 27 فروری ، 2021

این اے 75 ڈسکہ، الیکشن کمیشن کے حکم پر پولیس افسران بھی معطل

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے نتائج  میں بے ضابطگیوں پر الیکشن کمیشن کے حکم پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے۔

سیالکوٹ این اے 75 ضمنی انتخابات میں امن امان کی فضا قائم نہ رکھنے پرالیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو ڈپٹی سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پیز)کو معطل کر دیا۔

ڈی ایس پی ڈسکہ رمضان کمبوہ اور ڈی ایس پی سمبڑیال ذوالفقار ورک کو معطل کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں افسران کو این اے 75ڈسکہ کےضمنی الیکشن نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث پانے کے الزام میں معطل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب معطل اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ آصف حسین کو ایس اینڈ جی اے ڈی میں رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ انہیں  گزشتہ روز الیکشن کمیشن کے حکم پر عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 19 فروری کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں ڈسکہ شہر کے محتلف مقامات پر ہوائی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور تین افراد شدیدزخمی ہوگئے تھے۔