28 فروری ، 2021
پی سی بی نے گورننگ بورڈ اجلاس میں 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے لیے فرسٹ بورڈزکی منظوری دے دی ہے۔
فرسٹ بورڈز کی منظوری ایک سالہ مدت کے لیے دی گئی ہے، اس مدت کے دوران یہ فرسٹ بورڈز ماڈل آئین برائے سٹی کرکٹ اور کرکٹ ایسوسی ایشنز میں مینجمنٹ کمیٹیز کو سونپی جانی والی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
ان ذمہ داریوں میں روز مرہ کے معاملات چلانے اور کرکٹ کلبز کی رجسٹریشن کے ابتدائی عمل کی نگرانی کرنے سمیت کرکٹ ایونٹس کا انعقاد بھی شامل ہے۔
ہر فرسٹ بورڈز میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا گیا ہے جن سے پی سی بی کو یقین ہے کہ وہ منتخب شدہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو بروقت اور با آسانی اختیارات منتقل کر دیں گے۔
بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کا چیئرمین قاسم خان جمالی اور سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کا چیئرمین عبداللہ خان سنبل جب کہ خیبر پختونخوا کرکٹ ایسوسی ایشن کا چیئرمین انور زیب جان کو بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کا چیئرمین سلیم اصغر میاں اور سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کا چیئرمین عمران حسین اور سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کا چیئرمین محمد انیس خواجہ کو مقرر کیا گیا ہے۔
بورڈ آف گورننگ کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں کلبز کی رجسٹریشن آئندہ ماہ کے آغاز سے شروع ہو جائے گی، جو کلب سال 18-2017 اور 19-2018 میں فضل محمود کلب ٹورنامنٹس میں شرکت کر چکا ہو گا اسے ووٹنگ کا حق دیا جائے گا۔
ایسے کلبز جنہوں نے مندرجہ بالا ایونٹ میں شرکت نہیں کی اور وہ اہلیت کے مقررہ معیار پر پورا نہیں اترتے انہیں ووٹنگ رائٹس دوسری اسکروٹنی کے بعد ملیں گے تاہم پلیئنگ رائٹس تمام کلبز کے پاس ہوں گے۔