کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ ملتوی

پاکستان سپر لیگ 6  کے 12 ہویں میچ میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو مدمقابل ہونا تھا تاہم میچ ملتوی کردیا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پہلے میچ تاخیر کا شکار ہوا اور  پھر اسے کل تک ملتوی کردیا گیا۔

فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسلام آباد اور کوئٹہ کے دیگر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔

اب پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ کل شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کہ جن شائقین نے آج ٹکٹ خریدے تھے وہ کل اسی ٹکٹ پر میچ دیکھ سکیں گے۔

علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فواد احمد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کوئٹہ اور اسلام آباد کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے جو تمام منفی آئے ہیں۔

فواد احمد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے، فواد نے دو روز قبل علامات ظاہر کی تھیں  جس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تھا۔ فواد احمد نے 27 فروری کو  پشاور زلمی کیخلاف میچ میں بھی شرکت کی تھی۔

پی سی بی نے فواد احمد کا رزلٹ مثبت آنے کے بعد فوری طور پر آج کے میچ میں شریک دونوں ٹیموں کے ریپیڈ کورونا ٹیسٹ کرائے جس میں دونوں ٹیموں کے پلیئرز کے رزلٹ نیگیٹو آئے ہیں تاہم پی سی بی نے دونوں ٹیموں کو تیاری کا موقع دینے کیلئے میچ کو ری شیڈول کردیا ۔ یہ میچ اب منگل کو شام سات بجے کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پی ایس ایل میں منگل کو آرام کا دن رکھا گیا تھا۔

یہ موجودہ پی ایس ایل میں کسی کھلاڑی کے کووڈ ٹیسٹ آنے کا دوسرا واقعہ ہے ، اس سے قبل ٹورنامنٹ کے آغاز سے ایک روز قبل ایک فرنچائز کے ایک کرکٹر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جسے آئسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا، اس کرکٹر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تھی، ایک اور واقعے میں ایک ٹیم کے دو ممبران نے بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کی تھی جنہیں کووڈ ٹیسٹ منفی آنے اور معافی مانگنے کے بعد دوبارہ ٹیم میں شمولیت کی اجازت دے دی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے فواد احمد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پی ایس ایل میں شریک تمام ٹیموں کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو اگلے چند گھنٹوں میں شروع کردیئے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق اب ایونٹ کے اختتام تک تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ہر چار دن بعد کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :