میواسپتال کے 3 ہیلتھ ورکرز کورونا ویکسین لگوانے کے باوجود وائرس کا شکار

فائل فوٹو

لاہور: میواسپتال کے 3 ہیلتھ ورکرز ویکسین لگوانے کے باوجود کوروناوائرس کا شکار ہو گئے۔

میواسپتال کےڈاکٹرآفتاب، ہیڈ نرس عصمت اور وارڈ انچارج تنویر بھٹی کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں جن کی کورونا مثبت آنے کی رپورٹس جیو نیوز نے حاصل کر لیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر آفتاب کو 23 فروری کو ویکسین لگائی گئی تھی اور ان میں 5 دن بعد کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں  جب کہ ہیڈ نرس عصمت اور وارڈ انچارج تنویر بھٹی کو کورونا ویکسین کے افتتاح کے موقع پر انجیکشن لگائے گئے تھے، ان دونوں میں 15 دن بعد کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ میواسپتال میں اب تک 1100 ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ویکسین یہ گارنٹی نہیں دیتی کہ اس کے لگنے سے 100 فیصد نتائج آئیں گے اس لیے حفاظتی اقدامات جاری رکھنا ہوں گے۔

دوسری جانب ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ کوروناویکسین کی پہلی خوراک لگنے کے 14 دن بعد اینٹی باڈیز بننا شروع ہوتی ہیں لہٰذا ویکسین لگنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد بھی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ضروری ہے

مزید خبریں :