Time 03 مارچ ، 2021
پاکستان

سینیٹ الیکشن: خیبرپختونخوا سے تمام 12 نشستوں کے نتائج آگئے

خیبرپختونخوا سے سینیٹ انتخابات میں  تمام 12نشستوں کے غیر سرکاری نتئاج آگئے ہیں۔

12 نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف کو 10 جب کہ عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کو ایک، ایک نشست ملی ہے۔

 غیر سرکاری نتائج کے مطابق جنرل نشست پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 5، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ایک، ایک امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جب کہ خواتین کی 2، ٹیکنوکریٹس کی 2 اور اقلیت کی ایک نشست پر بھی  پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

اب تک کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے شبلی فراز ، محسن عزیز، لیاقت ترکئی، ذیشان خانزادہ، فیصل سلیم اور اے این پی کے ہدایت اللہ خان  اور جے یو آئی کے مولانا عطاء الرحمان سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔

 خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی امیدوار ثانیہ نشتر سینیٹر منتخب ہوئی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی امیدوار فلک ناز بھی خواتین کی نشست پر کامیاب قرار پائیں۔

ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پرپی ٹی آئی کے دوست محمد محسود اور محمد ہمایوں خان کامیاب ہوئے ہیں۔

تحریک انصاف کے گوردیپ سنگھ اقلیتی نشست پر کامیاب ہوگئے ہیں۔

الیکشن کمیشن ذرائع  کے مطابق خواتین کی نشست پر ثانیہ نشستر کو 56 ووٹ اور فلک نازکو 51  ووٹ ملے جب کہ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار فرحت اللہ بابر ٹیکنوکریٹ کی نشست پر ہار گئے۔

مزید خبریں :