04 مارچ ، 2021
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نجات کے لیے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اور تمام بڑے ممالک میں اسے ہر شہری کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
برطانیہ میں اس وقت ویکسین لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور رمضان سے قبل ہی وہاں کی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔
اگرچہ اس حوالے سے علماء کرام کی رائے ہی حتمی ہو گی لیکن برطانوی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ کورونا ویکسین روزے کی حالت میں بھی لی جاسکتی ہے۔
برطانوی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ برطانیہ میں اس وقت دی جانے والی کورونا ویکسین سے روزے پر کوئی فرق نہیں پڑتا لہٰذا شہریوں کو رمضان کی وجہ سے کورونا ویکسین کے حوالے سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ کورونا ویکسین کا انجکیشن غذائیت کے بغیر ہے جس کو روزے کی حالت میں بھی لینے سے روزہ برقرار رہتا ہے جب کہ ویکسین کا مواد بلڈ سرکولیشن میں شامل نہیں ہوتا لہٰذا یہ تمام چیزیں انسانی جسم کے ان حصوں میں شامل نہیں جس سے روزے ٹوٹ جائے گا۔
اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کی ویکسین پٹھوں کے ذریعے دیا جانے والا انجیکشن ہے جو اس وقت ویکسین دیے جانے کا واحد طریقہ کار ہے اسی وجہ سے ویکسی نیشن کا عمل روزے پر اثر انداز نہیں ہوتا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ پر شائع اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ ترین اسلامک اتھارٹی یو اے ای فتویٰ کونسل نے چند ماہ قبل ایک فتویٰ جاری کیا تھا جس میں مسلمانوں کو کورونا ویکسین لینے کی اجازت دی گئی تھی جب کہ کونسل کا کہنا تھا کہ اگر ویکسین میں کوئی غیر حلال اشیا شامل ہے تب بھی ویکسین لی جاسکتی ہے۔