Time 04 مارچ ، 2021
پاکستان

اعتماد کا ووٹ: قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کو سوا 12 بجے طلب

صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 6 مارچ کو دن سوا 12بجے طلب کر لیا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر اعظم ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے،  وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 91 سیون کے تحت اعتماد کا ووٹ لیں گے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی طلبی کا نوٹیفکیشن شیئر کیا ہے۔

خیال رہے کہ آج قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہفتے کو وہ اعتماد کے ووٹ کیلئے خود کو قومی اسمبلی میں پیش کررہے ہیں۔

انہوں نے اپنے ارکان قومی اسمبلی سے کہا کہ وہ ضمیر کے مطابق ووٹ دیں، اگر انہیں لگتا ہے کہ مجھے وزیراعظم نہیں رہنا چاہیے تو میرے خلاف ووٹ دیں۔

عمران خان نے اپنے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں لگتا ہے کہ میں اہل نہیں تو کھل کر کہیں ، یہ ن کریں کہ سامنے کہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور پھر پیسے پکڑ کر کسی اور کو ووٹ دے دیں، ایسا کرکے آپ اپنی آخرت تباہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اعتماد کے ووٹ میں اگر ان کے مخالفین جیت جاتےہیں تو وہ اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ارکان اسمبلی کو لگتا ہے کہ میں نااہل ہو ں، اتناقابل نہیں ، آرام سےہاتھ اوپرکریں میں اپوزیشن میں چلاجاؤں گا، ارکان اسمبلی سب کے سامنے بتائیں کہ عمران خان کےساتھ نہیں ہیں، یہ آپ کا جمہوری حق ہے میں اس کی عزت کروں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر انہیں اعتماد کا ووٹ نہیں ملتا اور تو وہ اپوزیشن میں جاکر بیٹھ جائیں گے، انہیں کوئی فرق نہیں پڑے گا، وہ اپنے گھر میں رہتے ہیں ، تمام اخراجات اپنے خود برداشت کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اقتدار چلا بھی جائے تو جب تک زندہ ہوں قوم کا پیسہ چوری کرنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا، اقتدار چلاگیا تو قوم کا پیسہ نکلوانے کیلئے عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا۔

مزید خبریں :