اصلی ٹیکنالوجی، جعلی اداکار، دو نمبر کے ٹام کروز نے سب کو ماموں بنادیا

اصلی ٹیکنالوجی، جعلی اداکار، دو نمبر کے ٹام کروز نے سب کو ماموں بنادیا۔

کمپیوٹر کی مصنوعی ذہانت کے استعمال سے جعلی ٹام کروز نے سب کو دھوکا دے دیا۔

اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بلجیم سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کرس اومے نے اپنے چہرے پر ہالی وڈ سپر اسٹار کا چہرہ چپکایا،آواز کی نقل بنائی اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے مشن امپاسیبل کو پاسیبل کردیا۔

ڈیپ فیک کی مدد سے تیار کی گئی ویڈیو نے سب کو گھمادیا،آئی ٹی کے ماہرین سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

خیال رہے کہ ڈیپ فیک ایک سافٹ ویئر ہے جو متعدد تصاویر کی مدد سے کسی بھی شخص کی جسمانی خدوخال خاص طور پر چہرے کا ہو بہو نقشہ تیار کرسکتا ہے اور اس ٹیکنالوجی کی مدد سے کوئی بھی شخص اپنے یا کسی اور کے چہرے پر کسی کا بھی چہرہ لگا کر ویڈیو تیار کرسکتا ہے اور یہ ویڈیو حقیقت کے قریب تر محسوس ہوتی ہے اور  ٹیکنالوجی سے نابلد لوگ اس پر یقین بھی کرلیتے ہیں۔

جعلی ٹام کروز کی ویڈوز ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرنے کے بعد کرس اومے کے فالوورز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے تاہم اس حوالے سے انٹرنیٹ صارفین کی رائے تقسیم نظر آتی ہے۔

کچھ لوگوں نے اس ٹیکنالوجی کو خطرناک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایک عام لڑکا اتنی مہارت سے ویڈیو تیار کرکے لوگوں کو بے وقوف بنارہا ہے تو سوچیں حکومتی سرپرستی میں اگر بڑے پیمانے پر یہ کام ہوا تو پھر کیا ہوگا۔

ایک اورصارف نے کہا کہ لوگوں کو اس ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی دینی ہوگی ورنہ کوئی بھی شخص اسے اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرکے لوگوں کو مشتعل کرسکتا ہے، کسی مذہبی شخصیت کے روپ میں، سیاسی رہنما کے روپ میں لوگوں کو ورغلایا جاسکتا ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ اس ٹیکنالوجی سے لوگوں کی نجی زندگی میں بھی مسائل جنم لے سکتے ہیں، کسی خاتون کی ویڈیو اٹھاکر اسے قابل اعتراض حالت میں ایڈٹ کرکے ویڈیو میں دکھایا جاسکتا ہے جبکہ کوئی ڈاکٹر کا روپ دھار کر لوگوں کو کچھ بھی استعمال کرنے کا مشورہ دے سکتا ہے۔

دوسری جانب ڈیپ فیک کے نام سے موجود ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معروف شخصیات کی ویڈیوز اصلی ہیں یا نہیں یہ جاننے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ یہ دیکھا جائے کہ آیا وہ ویڈیو یا تصویر ان کے آفیشل اکاؤنٹ (جس کے آگے نیلا ٹِک) لگا ہوتا ہے، اس سے جاری ہوا ہے یا نہیں، اگر نہیں تو پھر اس پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی امریکی طالب علم ای ین گڈفیلو نے ایجاد کی تھی اور اس وقت وہ ایپل کیلئے کام کررہے ہیں۔

مزید خبریں :