پاکستان کا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’اردو فلکس‘ لانچ ہو گیا

—اسکرین گریب

ای میکس میڈیا کی جانب سے پاکستان کا پہلا او ٹی ٹی پلیٹ فارم اردو فلکس لانچ کر دیا گیا ہے جس کے تحت صارفین اردو فلمیں، سیریز، دستاویزی فلمیں، کارٹون اور اردو ڈبنگ والے ترکش ڈرامے دیکھ سکیں گے۔

صارفین اب پاکستان کے پہلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم اردو فلکس کو گوگل پلے اسٹور اور ایپل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

اردو فلکس پر صارفین اداکارہ مشل خان کی سیریز ’لفافہ دیان‘ اور ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کی ویب سیریز ’راز‘ بھی دیکھ سکیں گے۔

دوسری جانب اردو فلکس کے لانچ ہونے کے ساتھ ہی پلیٹ فارم پر اداکارہ علیزے شاہ کی ویب سیریز ’دلہن اور ایک رات‘ بھی ریلیز کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں اردو فلکس اپنے صارفین کو پہلے سے مشہور ڈرامے اور فلموں کی اسٹریمنگ کی بھی پیشکش کرے گا۔

خیال رہے کہ اردو فلکس لانچ کرنے سے قبل اس کے بانی فرحان گوہر نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں آن ڈیمانڈ اسٹریمنگ کلچر کے اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم بھی پاکستانی مواد کو عالمی سطح پر پیش کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :