06 مارچ ، 2021
اسلام آباد: (ن) لیگ کے رہنماؤں کی میڈیا ٹاک کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا جس سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور دیگر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے کہ اس دوران تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد ریڈ زون میں گھس گئی۔
پی ٹی آئی کارکنان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس میں وزیراعظم عمران خان کےحق میں اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے خلاف نعرے درج تھے۔
پی ٹی آئی کارکنان نے اس دوران شدید نعرے بازی کی جس سے لیگی رہنماؤں کو میڈیا سے گفتگو میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور کان پڑی آواز سنائی نہیں دی۔
میڈیا سے گفتگو کے بعد بھی پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے کارکنان آمنے سامنے آئے جب کہ لیگی کارکنان نے اپنے رہنماؤں کو حفاظتی حصار میں لے لیا۔
پی ٹی آئی کارکنان اور (ن) لیگ کے رہنماؤں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی اور اس دوران مریم اورنگزیب کو دھکے دیے گئے جس پر لیگی رہنما مصدق ملک اور شاہد خاقان عباسی بھی پی ٹی آئی کارکنان نے دست و گریباں ہوگئے جب کہ چند پولیس اہلکار خاموش تماشائی بنے رہے۔
اس موقع پر (ن) لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ یہ سب غنڈے عمران خان کے ہیں، ہم مسلم لیگ (ن) کے شیر ہیں ان سے ڈرنے والے نہیں۔