’یقین ہے علی ظفر نے میشا شفیع کو ہراساں کیا‘

فائل فوٹو

لاہور: اداکارہ عفت عمر کا کہنا ہے انہیں یقین ہے کہ علی ظفر نے میشا شفیع کو ہراساں کیا ہے۔

لاہور کی سیشن کورٹ میں گلوکار علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوے پر سماعت ہوئی جس میں اداکارہ عفت عمر کے بیان پر وکلا نے جرح کی۔

دورانِ سماعت عفت عمر نے عدالت میں بیان دیا کہ میں نے خواہش کا اظہار کیا تھا کہ میری بیٹی میشا شفیع جیسی ہو۔

علی ظفر کے وکیل نے سوال کیا کہ کیا صباء حمید آپ کی بچپن کی دوست ہے؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ جی وہ میری دوست ہے اور استاد سے زیادہ احترام کرتی ہوں۔

علی ظفر کے وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ اپنے پروگرام میں علی ظفر کے کیس سے متعلق سوال کرتی ہیں؟ اس پر ادا کارہ نے بتایا کہ میرا پروگرام مسائل پر مبنی ہے، ایک پروگرام میں علی ظفر کا سوال پوچھا ہوگا۔

علی ظفر کے وکیل نے عفت عمر سے پوچھا کہ کیا  آپ کو  یقین ہے علی ظفر نے میشا شفیع کو ہراساں کیا ہے؟ اس پر اداکارہ نے کہا کہ جی مجھے یقین ہے علی ظفر نے ہراساں کیا ہے، جب کوئی مجھ سے علی ظفر سے متعلق پوچھتا ہے تو میں بتاتی ہوں کیونکہ میرا پروگرام لاکھوں لوگ دیکھتے ہیں، اس طرح علی ظفر بھی سوشل میڈیا پر جو بات کرتا ہے اس کو لاکھوں لوگ دیکھتے ہیں۔

مزید خبریں :