07 مارچ ، 2021
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں مفتاح اسماعیل کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت کے دوران وفاقی وزیر کے وکیل نے عدالت میں ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت کا استعفیٰ پیش کیا۔
تاہم اسپیکرقومی اسمبلی کے چیمبر کو فیصل واوڈا کا استعفیٰ موصول ہی نہیں ہوا اور قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی میں بھی استعفیٰ نہیں پہنچا تاہم اسپیکر کی جانب سے استعفے منظور کیے جانے کے بعد نشست خالی تصور کی جائے گی۔
مسلم لیگ (ن) نے فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے اپنا امیدوار نامزد کردیا ہے۔
مفتاح اسماعیل کو پارٹی کی جانب سے ٹکٹ دینے کا اعلان مریم نواز نے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ این اے 249 سے مفتاح اسماعیل مسلم لیگ ن کے امیدوار ہوں گے اور پارٹی صدر انہیں ٹکٹ جاری کردیں گے۔