09 مارچ ، 2021
حکومت نے اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کی پیشکش کردی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اوروزیر دفاع پرویز خٹک نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ ہم نے مولانا عبدالغفور حیدری کو آفر کی ہے کہ ہمارے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بن جائیں۔
صحافیوں نے مولانا عبدالغفور حیدری سے سوال کیا کہ کیا آپ کو ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کیلئے نامزد کردیا؟ اس پر ان کا کہنا تھاکہ مجھے ابھی تک پی ڈی ایم کی جانب سے باضابطہ آگاہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی ہمارے چیئرمین ہیں، ان سے ملاقات ہوتی رہتی ہیں تاہم میں یہ کہہ نہیں سکتا کہ 12 مارچ کے بعد چیئرمین سینیٹ کون ہوگا۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے یوسف رضا گیلانی جبکہ حکومت نے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے صادق سنجرانی کو امیدوار نامزد کیا ہے۔
اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے تاحال ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کیلئے امیدوار نامزد نہیں کیے گئے۔