09 مارچ ، 2021
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کی پیشکش کی تردید کردی۔
مولا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھاکہ چیئرمین سینٹ کے پاس تمام پارٹیوں کے ممبران بیٹھے تھے، میٹنگ کے دوران کوئی گفتگو نہیں ہوئی اور میٹنگ کے بعد پرویز خٹک نے گفتگو میڈیا کے سامنے کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیرکی میڈیا کے سامنے اس طرح کی گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتاہوں۔
عبدالغفور حیدری کا کہنا تھاکہ جس حکومت کواپوزیشن تسلیم نہیں کرتی اس حکومت کی آفرکی کوئی حیثیت نہیں، پی ڈی ایم نے جو فیصلہ کیا ہے ہم اس کے پابند ہیں اور پی ڈی ایم مکمل طور پر متحد اور متفق ہے۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھاکہ حکومتی وزیر اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہےہیں۔
خیال رہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم نے مولانا عبدالغفور حیدری کو آفر کی ہے کہ ہمارے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بن جائیں۔
وہیں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے۔