10 مارچ ، 2021
وہیل چئیر تک محدود مصورہ، مقرر اور معروف سماجی کارکن منیبہ مزاری ہر فن مولا ہیں اور اب ان کے خوبصورت برائیڈل فوٹو شوٹ نے سب کی توجہ سمیٹ لی ہے۔
پاکستانی برانڈ لاجونتی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک مہم کا آغاز کیا جس کا نام سانچہ ہے، اس مہم کی اسٹار پاکستانی سماجی کارکن منیبہ مزاری ہیں۔
اس مہم کا بنیادی مقصد ہر انسان کی انفرادی حیثیت کے گرد گھومتا ہے کہ کیسے ہمیں معاشرے کے بنائے ہوئے سانچے میں ڈھلنے کے لیے خود کو بدلنے کی ضرورت نہیں۔
برائیڈل فوٹو شوٹ میں منیبہ مزاری کو خوبصورت لال رنگ کے عروسی جوڑے میں ملبوس دیکھا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے روایتی جیولری اور ہاتھوں میں گجرے بھی پہن رکھے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستانی سماجی کارکن منیبہ مزاری کی خوب تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ منیبہ مزاری پاکستان کی وہ پہلی خاتون ہیں جنہیں اقوام متحدہ نے اپنا خیرسگالی سفیر مقرر کیا جب کہ منیبہ ایک موٹیویشنل اسپیکر، مصورہ، مقررہ اور سماجی کارکن بھی ہیں۔
منیبہ محض 21 برس کی عمر میں کار ایکسیڈنٹ کے باعث وہیل چیئر تک محدود ہو گئی تھیں۔