11 مارچ ، 2021
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدواروں کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہوا۔ خیال رہے کہ ایم کیو ایم وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت کی اتحادی ہے اور ایم کیوایم نے ایک بارپھروفاقی حکومت کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین کےلیے عبدالغفور حیدری کے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔
حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے مرزا آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نامزد کیا گیا ہے۔
12 مارچ یعنی کل نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے جس کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
صدر مملکت نے سینیٹ کا اجلاس کل صبح 10 بجے بلانے کی سمری منظور کرلی ہے۔