Time 13 مارچ ، 2021
پاکستان

نیب کی درخواست مریم نواز کی زبان بندی کی کوشش ہے، شاہد خاقان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر  و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مریم نواز کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست ان کی زبان بندی کی کوشش ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ نہ حکومت نے بات کی نہ کسی ادارے نے  لیکن تکلیف ہے تو چیئرمین نیب کو ہے، یہ سارے تماشے زباں بندی، ہراساں اور دھمکانے کی کوشش ہیں۔

شاہد خاقان نے کہا کہ مریم نواز  اگر اداروں کےخلاف بات کرتی ہیں تو ادارے کارروائی کرسکتے ہیں، نیب چیئرمین سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں ان کو قانون کا پتا ہے، نواز شریف کی اداروں کے نام کی ویڈیو میں نے نہیں دیکھی، نیب کا اس بات سے تعلق نہیں کہ مریم نواز حکومت کے خلاف بات کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے عدالت اس پٹیشن پر نیب پر جرمانہ عائد کرے گی۔

شاہد خاقان کا کہنا تھاکہ احتساب کے ادار ے احتساب سے بالاتر نہیں، یہ بات چیئرمین نیب کو جتنی جلد سمجھ آجائے بہتر ہوگا جو لوگ ملک کے اداروں کو تباہ کررہے ہيں آپ ان کا حشر دیکھیں گے ، ان کا انجام بھی سامنے آئے گا۔

خیال رہے کہ نیب لاہور نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت خارج کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جسے سماعت کیلئے  بھی مقرر کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :