22 مارچ ، 2021
پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ اور ماڈل سوہائے علی ابڑو نے قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی شعیب محمد کے بیٹے کے ساتھ شادی کر لی۔
سوشل میڈیا پر سوہائے علی ابڑو کی سابق کرکٹر شعیب محمد کے بیٹے شہزار محمد کے ساتھ شادی کی خبروں کے چرچے ہیں۔
اداکارہ سوہائے علی اور شہزار محمد کی شادی کی تقاریب کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن سوہائے علی نے گولڈن رنگ کا عروسی جوڑا پہن رکھا ہے جبکہ دولہے نے آف وائٹ رنگ کی شیروانی کے ساتھ سر پر کلؔہ پہن رکھا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ سوہائے علی ابڑو اور شہزار محمد کی شادی کی تقریب میں فلمی ستاروں سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ اداکارہ سوہائے علی ابڑو متعدد ڈرامہ سیریلز میں جلوہ گر ہو چکی ہیں جس میں جیو انٹرٹینمنٹ کی ’سات پردوں میں‘ بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ سوہائے علی نے اپنا فلمی کیرئیر فلم ’انجمن‘ سے شروع کیا اور پھر اس کے بعد انہوں نے رانگ نمبر، جوانی پھر نہیں آنی اور موٹر سائیکل گرل میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔