Time 22 مارچ ، 2021
پاکستان

نیب کی پریس ریلیز پر مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا

 جو سلوک نیب نے دورانِ حراست رکھا اس کی تفصیل اور حساب باقی ہے،مریم نواز،فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے قومی احتساب بیورو(نیب) کی پریس ریلیز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ 'ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے!'۔

ٹوئٹر پر نیب کی پریس ریلیز شیئر کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا ہے کہ نیب والے ایک  نہتی لڑکی سے ڈرتے ہیں، اسی نہتی لڑکی سے جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ کیا۔

مریم نواز کا کہنا ہےکہ جو سلوک نیب نے دورانِ حراست رکھا اس کی تفصیل اور حساب باقی ہے، ناموں سمیت سب قوم کے سامنے آئےگا۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کر رکھا ہے جبکہ ن لیگ اور اپوزیشن اتحاد کے کارکنان نے ان کے ساتھ جانے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب نیب لاہور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مریم نواز کی نیب پیشی کےموقع پرنیب لاہورکی عمارت پرچڑھائی کرنےکی اطلاعات ہیں لہٰذا نیب لاہور نے پولیس اوررینجرز سے معاونت طلب کرلی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیب لاہورکو ریڈ زون ڈکلیئرکرنے کیلئے متعلقہ حکام سے درخواست کی جارہی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب دھمکی یا دباؤ میں آئے بغیرلوٹی گئی رقوم کی واپسی کیلئے کردار ادا کرتا رہےگا۔

مزید خبریں :