پاک افریقا سیریز: رضوان ون ڈے میں اننگز کا آغاز نہیں کریں گے

فائل فوٹو

جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز میں محمد رضوان اننگز کا آغاز نہیں کریں گے۔

حالیہ عرصے میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر محمد رضوان نے اپنی بھرپور بیٹنگ پرفارمنس کے ساتھ قومی ٹیم میں اپنا نمایاں مقام بنایا ہے اور ان کی اس شاندار کارکردگی پر بورڈ نے انہیں ٹیسٹ کرکٹر آف دی ائیر 2020 کے لیے منتخب کیا۔

محمد رضوان کو عمدہ پرفارمنس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹ 21-2020 میں ’بی‘ کیٹیگری سے ’ اے‘ میں ترقی بھی دی گئی۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے اگست 2020 میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ کی سیریز میں 40.25کی اوسط سے 161رنز کے ساتھ پاکستان کے لیے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا، دسمبر 2020 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ کی سیریز میں جہاں پاکستان کو 0-2 سے شکست ہوئی، انہوں نے تین نصف سینچریوں کے ساتھ 50.50کی اوسط سے 202رنز اسکور کیے۔

اس سال جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے دو ٹیسٹ میں محمد رضوان نے پہلی ٹیسٹ سینچری کےساتھ 83.00کی اوسط سے 166رنز اسکور کیے۔ محمد رضوان کو ان کی بہترین بیٹنگ صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ نے انہیں دورہ نیوزی لینڈ میں ٹی 20 سیریز میں بطور اوپنر کھلایا۔

18دسمبر 2020 کو آکلینڈ میں دائیں ہاتھ کے بیٹسمین 17گیندوں پر 17اور ہملٹن کے دوسرے میچ میں 20گیندوں پر 22رنز کے ساتھ شدید تنقید کی زد میں تھے تاہم 22 دسمبر 2020 کو میکلین پارک نیپئر میں انہوں نے 59گیندوں پر 10چوکوں اور تین چھکوں کے ساتھ 89 رنز کی اننگز کھیل کر اپنے بطور اوپنر کھیلنے کے فیصلے کو پہلی بار درست ثابت کیا اور یہی نہیں رضوان نے 11 فروری 2021 کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جنوبی افریقا کے خلاف 64گیندوں پر 6 چوکوں اور 7 چھکوں کے ساتھ ناقابل شکست 104رنز بنا کر ٹی 20 میں اپنی پہلی او ر پاکستان کے لیے دوسری سینچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

محمد رضوان  احمد شہزاد کے بعد پاکستان کے دوسرے بیٹسمین بن گئے جس نے تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے لیے سینچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔جنوبی افریقا کے خلاف تین ٹی 20 مقابلوں میں 98.50کی اوسط سے 3 میچوں میں 197رنز بنانے پر محمد رضوان کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دورہ جنوبی افریقا میں قومی ٹیم 3 ون ڈے کی سیریز کھیلے گی جو قومی ٹیم کی ورلڈ کپ 2019 کے بعد تیسری ون ڈے سیریز ہے، سری لنکا کے خلاف ستمبر 2019 میں وکٹ کیپر سرفراز احمد ٹیم کے کپتان تھے جب کہ اکتوبر 2020 میں راولپنڈی میں زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے کی سیریز محمد رضوان بطور وکٹ کیپر کھیلے تھے۔ 

ٹی 20 میں قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز کرنے والے محمد رضوان جنہوں نے 35 ون ڈے میچوں میں 30.41 کی اوسط سے 730 رنز 2 سینچریوں اور تین نصف سینچریوں کی مدد سے اسکور کیے ہیں، 31 اننگز میں پانچ مختلف نمبروں پر باری لے چلے ہیں۔

البتہ انہوں نے کبھی ٹی 20کی طرح ون ڈے کرکٹ میں اننگز کا آغاز نہیں کیا ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف قوی امکان ہے کہ وکٹ کیپر محمد رضوان نمبر پانچ پر بیٹنگ کریں گے۔

مزید خبریں :