27 مارچ ، 2021
اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں تصدیق کی کہ وہ عظیم خان نامی بلاگر سے شادی کرنے والی ہیں۔
تاہم ہمسفر کے انتخاب اور شادی سے متعلق کیے گئے اعلان پر جہاں صبا قمر کے مداحوں کی جانب سے ان کے اور ان کے ہونے والے شوہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا وہیں دوسری طرف اداکارہ کی ایک مداح نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے ان کے ہونے والے شوہر عظیم خان پر زیادتی اور قتل کی دھمکیوں کے الزامات عائد کردیے۔
خود پر لگے الزامات پر عظیم خان کا رد عمل بھی سامنے آگیا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں عظیم خان نے خود پر تنقید کرنے والوں کو برساتی کیڑوں سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی موجودگی کے باوجود بغیر کسی ثبوت کے سوشل میڈیا پر تماشا لگانے کی کیا ضرورت ہے؟
عظیم خان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت کے آپ دو ٹکے کی شہرت کے لیےکسی کی آنے والے کی زندگی برباد کرسکتے ہیں؟ جب کہ ہماری نیت یہ ہے کہ ہم نکاح کرکے اپنی زندگی گزاریں، آپ کو یہ سب کرکے کیا فائدہ ہوگا؟
عظیم خان نے کہا کہ صبا کے گزرے ہوئے کل میں جو بھی تھا مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا، نہ ہی صبا کو اس بات سے فرق پڑتا ہے کہ میرے گزرے ہوئے کل میں کیا تھا، ہم ایک دوسرے کے آج اور مستقبل میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ الزامات لگانے والوں کے لیے یہ میرا آخری جواب ہے، اب میرے خلاف رپورٹ کرواؤ اور وہ رپورٹ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرو، تب میں آپ کی بات کا جواب دوں گا، آج کے بعد میں آپ کے کسی بھی الزام کا جواب اس وقت تک نہیں دوں گا جب تک آپ باقاعدہ اور منظم طریقے سے مجھ سے بات نہیں کرتے۔