27 مارچ ، 2021
کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے بعد صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
لاہور پولیس چیف اور کمشنر لاہورکی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں کورونا صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔
کمشنرلاہور نے ماسک پہننے کے حکم پرسختی سے عمل درآمد کا حکم دے دیا۔ کمشنر لاہور محمد عثمان کے مطابق ماسک نہ پہننے والوں کو پکڑ کرتھانے میں بند کر دیا جائے گا، ماسک نہ پہننے والوں کو چھ ماہ کی قید ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماسک نہ پہننے پرمقدمہ درج کیا جائے گا اور آج ہی لاہور میں اس حکم پر عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔
کمشنر لاہور نے ہدایت کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سڑکوں پر مامور ہوگی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کورونا کی خلاف ورزی پرکارروائیاں کرے۔
کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور غلام محمود ڈوگر نے حکم دیا کہ حکومتی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل درآمد کروایا جائے، شادی ہال،پبلک مقامات پرکورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد کروایا جائے۔