کھیل
Time 28 مارچ ، 2021

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ زمبابوے کے شیڈول کا اعلان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ زمبابوے کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دنوں میں پاکستان دنیا کی وہ پہلی مینز کرکٹ ٹیم ہوگی جو زمبابوےکا دورہ کرے گی۔

دونوں ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا  آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔

23،21 اور 25 اپریل کو 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے بعددونوں ٹیمیں 29 اپریل سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل آئیں گی، یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب دونوں ٹیمیں 2013 کے بعد زمبابوے میں طویل طرز کی کرکٹ میں مدمقابل آئیں گی، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 مئی تک کھیلا جائےگا۔

دونوں ممالک کے مابین شیڈول اس سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔

 سیریز میں شامل تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے جب کہ ٹیسٹ میچز دوپہر 12:30 بجے شروع ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ ان غیرمعمولی اور مشکل حالات کے باوجود عالمی کرکٹ مقابلوں کو جاری رکھنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے اور کورونا وائرس کی عالمی وبا سے اب تک پاکستان  انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ زمبابوے اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کی میزبانی کرچکا ہے۔

زمبابوے نے اس سے قبل اپنی سرزمین پر جس آخری سیریز کی میزبانی کی تھی وہ جنوری 2020 میں سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم اس وقت تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کی غرض سے جنوبی افریقا میں موجود ہے، جہاں سےوہ 17 اپریل کو زمبابوے روانہ ہوجائے گی۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک کھیلے گئے تمام 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پاکستان نے جیتے جب کہ 17 ٹیسٹ میچز میں سے 10 پاکستان نے جیتے، 4 ڈرا ہوئے جب کہ 3 زمبابوے نے جیتے۔

مزید خبریں :