دنیا
Time 29 مارچ ، 2021

کورونا: بھارت میں ریکارڈ کیسز، مہاراشٹرا میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

بھارت میں پانچ ماہ کے دوران ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 68 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو اکتوبر کے بعد ایک دن میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں جب کہ ساتھ ہی 291 افراد بھی وائرس سے ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ اور اموات ایک لاکھ 62 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ملک بھر میں ریاست مہاراشٹرا کورونا سے بری طرح متاثر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 ہزار 400 سے زائد کیسز سامنے آئے اور 108 اموات ہوئیں جب کہ ریاست کیرالا، کرناٹکا، آندھرا پردیش اور تامل ناڈو بھی بری طرح وائرس کی لپیٹ میں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مہاراشٹرا حکومت نے ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ہفتے سے ریاست بھر میں رات کے اوقات میں کرفیو بھی نافذ کیا جاچکا ہے۔

ریاست مہاراشٹرا میں گزشتہ چند روز کے دوران کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور اس کا شہر ممبئی سب سے زیادہ متاثر ہے۔

نئی دلی کی حکومت نے کیسز میں اضافے کے بعد شادیوں اور آخری رسومات سمیت دیگر اجتماعات پر بھی سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔

مزید خبریں :