کورونا کے معیشت پر وار ایک سال بعد بھی جاری

فوٹو: فائل

دنیا بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا کے معیشت پر وار ایک سال بعد بھی جاری ہیں۔

گیلپ پاکستان نے کورونا کے معیشت پر اثرات کے حوالے سے 2000 سے زائد افراد کی رائے پر مبنی نیا سروے جاری کیا ہے، سروے 6 فروری سے 26 فروری 2021 کے درمیان کیا گیا۔

گزشتہ ہفتے کورونا وبا کے باعث کام کے اوقات کار اور آمدنی متاثر ہونے کے سوال پر 54 فیصد نے وبا کے باعث کام کے اوقات کار اور آمدنی متاثر ہونے پر اتفاق کیا جبکہ 54 فیصد میں سے 28 فیصد نے سب سے زیادہ آمدنی متاثر ہونے کا بتایا۔

سروے کے مطابق 7 فیصد نے کام کے اوقات کار جبکہ 19 فیصد نے کام کا شیڈول اور آمدنی دونوں کے متاثر ہونے کا کہا۔ 41 فیصد ایسے افراد بھی تھے جن کا کہنا تھا کے وہ کورونا کی وبا سے معاشی طور پر متاثر نہیں ہوئے جبکہ 5 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔

سروے میں دیکھا گیا کہ کورونا کی وبا کے باعث مردوں میں 26 فیصد نے آمدنی کے متاثر ہونے جبکہ 10 فیصد نے کام کے اوقات کار یا شیڈول متاثر ہونے کا کہا، جبکہ 23 فیصد نے دونوں چیزیں متاثر ہونے کا ذکر کیا۔

گیلپ سروے کے مطابق خواتین میں آمدنی کے متاثر ہونے کی شرح 28 فیصد نظر آئی جبکہ کام کا شیڈول متاثر ہونے کا 3 فیصد نے کہا، 14 فیصد خواتین نے دونوں چیزیں متاثر ہونے کے بارے میں بتایا۔

عمومی تاثر کے برخلاف دیہی آبادی سے سروے میں شامل 53 فیصد افراد نے کا م کا شیڈول، آمدنی یا دونوں کے کورونا وبا کے باعث متاثر ہونے کا کہا جبکہ شہروں میں یہ شرح 49 فیصد نظر آئی۔

صوبوں کی بنیاد پر دیکھا جائے تو سب سے زیادہ بلوچستان سے 41 فیصد افراد نے کورونا کے باعث آمدن متاثر ہونے کا کہا، پنجاب سے 33 فیصد اور خیبر پختونخوا سے 31 فیصد نے آمدن میں کمی ہونے کا کہا جبکہ سندھ میں یہ شرح صرف 13 فیصد نظر آئی۔

اس کے برعکس کام کا شیڈول متاثر ہونے کا سب سے زیادہ خیبرپختونخوا سے 18 فیصد افراد نے کہا، پنجاب سے 6 فیصد، سندھ سے 5 فیصد جبکہ بلوچستان سے 4 فیصد نے وبا کے باعث کام کا شیڈول متاثر ہونے کا کہا۔

کام کے اقات کار اور آمدن دونوں کے متاثر ہونے کا سب سے زیادہ پنجاب سے 26 فیصد نے کہا، خیبرپختونخوا سے 15 فیصد، سندھ سے 7 فیصد اور بلوچستان سے 2 فیصد نے دونوں کے متاثر ہونے کے بارے میں رائے دی۔

صوبو ں میں صنفی بنیادوں پر متاثر ین کی شرح کو دیکھا جائے تو خیبرپختونخوا میں 79 فیصد مرد اور 50 فیصد خواتین نے کورونا کی وبا کے باعث آمدن اور کا م کا شیڈول متاثر ہونے کا کہا۔ پنجاب میں 71 فیصد مرد اور 58 فیصد خواتین، بلوچستان میں 60 فیصد مرد اور 39 فیصد خواتین نے کورونا کے باعث آمدن اور کام کا شیڈول متاثر ہونے کی شکایت کی جبکہ سندھ میں 34 فیصد مرد اور 15 فیصد خواتین نے آمدن اور کام کا شیڈول متاثر ہونے کا کہا۔

مزید خبریں :