رشی کپور سے بریک اپ کے دوران ’جھوٹا کہیں کا‘ کی شوٹنگ کی: نیتو کپور

فائل:فوٹو

بالی وڈکے لیجنڈ اداکار رشی کپور کی اہلیہ نے انکشاف کیا ہے کہ جب بالی وڈ فلم ’جھوٹا کہیں کا‘ فلمائی گئی تو وہ اور رشی کپور 'بریک اپ' کے دور سے گزر رہے تھے۔

حال ہی میں بالی وڈ کی سینئر اداکارہ نیتو کپور بھارتی شو انڈین آئیڈیل میں شریک ہوئیں اور دوران شو انکشاف کیا کہ فلم 'جھوٹا کہیں کا' کے گانے 'جیون کے ہر موڑ پر' گانے کی ویڈیو میں رشی اور مجھے ڈانس کرتے اور خوش ہوتے دکھایا گیا لیکن درحقیقت ان دنوں ہم ایک دوسرے سے علیحدہ تھے اور میک اپ روم میں میری رو رو کر بری حالت تھی۔

نیتو کپور کا کہنا تھا کہ میک اپ روم میں میرے لیے ڈاکٹر آیا ہوا تھا مجھے انجیکشن لگائے جارہے تھے اور میں سیٹ پر رشی کے ساتھ ساتھ جیون کے ہر موڑ پر گارہی تھی ۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا پر بالی وڈ کے اداکار رشی کپور کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں رشی کپور کا بھی اسی گانے کی شوٹنگ سے متعلق کہنا تھا کہ جب گانا شوٹ کیا گیا تو میں اور نیتو بات ہی نہیں کررہے تھے، ہمارا جھگڑا ہوگیا تھا۔

رشی کپور کے مطابق ان دنوں میری اور نیتو کی لڑائی ہوگئی تھی یہی وجہ تھی کہ گانے کو فلمانے میں بھی چار دن لگے اور ان چاروں دنوں میں نہ نیتو نے مجھ سے بات کی نہ میں نے اس سے کی۔ حتیٰ کہ ہم نے ہائے ہیلو بھی نہیں کی تھی۔ لیکن جب آپ اس گانے کو دیکھیں گے تو آپ کو محسوس ہوگا کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہیں ۔

خیال رہے کہ بالی وڈ فلم جھوٹا کہیں 1979 میں ریلیز کی گئی تھی جب کہ دونوں کی شادی اس کے ایک سال بعد ہوئی تھی۔

مزید خبریں :