ڈسکہ الیکشن، 10 پریذائیڈنگ افسران کی لوکیشن مشکوک جگہ پرٹریس ہوئی، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں  20 لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کی لوکیشن کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں جمع کرادیا۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 20 پریذائیڈنگ افسران کے لاپتہ ہونے پر پی ٹی اے لوکیشن جیو فینسنگ ریکارڈ طلب کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 10 پریذائیڈنگ افسران کی لوکیشن ایک مشکوک جگہ پرٹریس ہوئی، پریذائیڈنگ افسران نے ریٹرننگ آفیسر (آر او) کے  دفتر پہنچنےکیلئے متبادل لمبا روٹ اختیار کیا۔

الیکشن کمیشن نے لاپتہ پریذائیڈنگ افسران کی مشکوک لوکیشن کے نقشہ جات بھی جمع کرائے۔ 

الیکشن کمیشن نے استدعا کہ کہ معاملے پر فیصلے کیلئے دستاویز کو عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

خیال رہےکہ الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے الیکشن کو بدنظمی کی بنا پر کالعدم قرار دیا تھا اور حلقے میں 10 اپریل کو دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے 10 اپریل کو دوبارہ الیکشن ملتوی کردیا۔

مزید خبریں :