01 اپریل ، 2021
دنیا کی سب سے بڑی اور معروف ایپ فیس بک نے صارفین کے لیے نیوز فیڈ کو مزید کنٹرول کرنے والے نئے فیچرز متعارف کروادیے ہیں ۔
نئے فیچرز کے ذریعے صارف اپنی فیڈز کی الگورتھم رینکنگ کو بند کرسکتے ہیں اور نیوز فیڈ پر اپنی پسند کا مواد دیکھ سکتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے فیچرز کے ذریعے صارف کمنٹ آڈینس کو کنٹرول کرسکتا ہے لیکن اس فیچر کے ذریعے صرف اسی آڈینس کو کنٹرول کیا جاسکے گا جنہیں مینو میں سے منتخب کیا گیا ہو۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے فیچرز کے ذریعے نیوز فیڈ کو ترتیب دینے اور براؤز کرنے میں آسانی ہو گی ساتھ ہی صارف نیوز فیڈ پر اپنی مرضی کا مواد دیکھ سکتا ہے۔
حال ہی میں فیس بک نے ’ فیورٹس‘ نامی فیچر متعارف کروایا تھا جس کے ذریعے صارفین اپنے دوستوں اور منتخب پیجز کے مواد کو ترجیحی بنیاد پر دیکھ سکتے ہیں۔
فیورٹس ٹول کے ذریعے کوئی بھی صارف 30 دوستوں اور پیجز کو منتخب کرسکتا ہے جس کے بعد انہی دوستوں یا صفحات کی پوسٹس نیوز فیڈ پر سب سے پہلے نظرآئیں گی۔
صارفین نیوز فیڈ میں سب سے اوپر موجود نئے مینو "فیڈ فلٹر بار" کے ذریعے فیورٹ ٹول تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
اینڈرائڈ صارفین نیوز فیڈ کو اسکرول کرنے کے بعد اس آپشن تک پہنچ سکتے ہیں جب کہ آئندہ چند ہفتوں میں آئی او ایس صارفین کو بھی یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی۔