پاکستان
Time 01 اپریل ، 2021

چینی کے چھوٹے سٹہ بازوں کا بھی روزانہ لاکھوں روپے کمانے کا انکشاف

چینی پر چھوٹے پیمانے پر سٹہ کھیلنے والوں کا بھی روزانہ 5 سے 10 لاکھ روپے کمانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سٹہ مافیا کے واٹس ایپ گروپ سے ملک بھر میں ایک ہزار چینی مافیا کا ریکارڈ بھی مل گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چینی مافیا میں 30 سے زائد شوگر ملز کے ملوث ہونے کے شواہد مل گئے ہیں جبکہ 40 بڑے چینی مافیا کے اکاؤنٹس میں موجود 106 ارب میں سے 32 کروڑ روپے منجمد کروا دیے گئے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چینی مافیا کے مزید 392 بے نامی اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں، 392 اکاونٹس میں 622 ارب کی ٹرانزیکشنز کی گئی اور بےنامی اکاؤنٹس میں موجود 7 ارب روپے منجمد کروا دیے گئے ہیں۔

ذرائع ایف آئی اے کا بتانا ہے کہ چینی پر چھوٹے پیمانے پر سٹہ کھیلنے والا بھی روزانہ 5 سے 10 لاکھ روپے کماتا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ڈائریکٹر ایف آئی اے نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بعض سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنما بھی چینی مافیا کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ 

مزید خبریں :