صباء قمر نے عظیم خان سے شادی سے انکار کردیا

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

معروف اداکارہ و ماڈل صبا قمر نے بلاگر عظیم خان سے شادی سے انکار کردیا۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو شادی کا فیصلہ واپس لینے کی اطلاع دی اور ان سے تعاون کی بھی درخواست کی۔

صبا قمر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ایک اہم اعلان کرنا ہے اور وہ یہ کہ بہت ساری ذاتی وجوہات کی بنا پر میں نے عظیم خان سے شادی کا فیصلہ منسوخ کردیا ہے‘۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں اور عظیم اب شادی نہیں کررہے، امید ہے کہ آپ لوگ بھی میرے فیصلے کی حمایت کریں گے جس طرح آپ نے ہمیشہ میرا ساتھ دیاہے اور میرا خیال ہے کہ تلخ حقیقتوں کا ادراک کرنے میں دیر نہیں ہوئی‘۔

صبا قمر کا کہنا تھا کہ ’میں ایک اور اہم چیز واضح کردینا چاہتی ہوں کہ میں اپنی زندگی میں عظیم سے کبھی نہیں ملی، ہم صرف فون پر ایک دوسرےسے رابطے میں رہے، یہ میرے لیے بہت مشکل وقت ہے لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ یہ گزر جائے گا‘۔

خیال رہے کہ اداکارہ صبا قمر نے حال ہی میں تصدیق کی تھی کہ وہ عظیم خان نامی بلاگر سے شادی کرنے والی ہیں۔

تاہم ہم سفر کے انتخاب اور شادی سے متعلق کیے گئے اعلان پر جہاں صبا قمر کے مداحوں کی جانب سے ان کے اور ان کے ہونے والے شوہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا تھا وہیں دوسری طرف اداکارہ کی ایک مداح نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے ان کے ہونے والے شوہر عظیم خان پر زیادتی اور قتل کی دھمکیوں کے الزامات عائد کیے تھے۔

مزید خبریں :