کینسر میں مبتلا اداکارہ نائلہ جعفری نے مالی مدد کی درخواست کردی

فائل فوٹو

کینسر میں مبتلا معروف اداکارہ نائلہ جعفری نے دوبارہ نشر ہونے والے ڈراموں کا معاوضہ دینے کی درخواست کی ہے۔

سوشل میڈیا پر نائلہ جعفری کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں مالی مدد کا مطالبہ کرتے سنا جاسکتا ہے۔

نائلہ جعفری کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 سال سے کینسر جیسی بیماری میں مبتلا ہوں  اور دوسری کیمو تھراپی بھی نہیں ہوسکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا کہ پہلے انفیکشن کو کنٹرول کیا جاسکے اور ایک بات جو میں اس دوران سوچتی رہی وہ یہ کہ ہماری حکومت اور پالیسی ساز وں کو فن اور آرٹ سے متعلق لوگوں کا سوچنا چاہیے‘۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے پی ٹی وی جوائن کیا تو ہمیں دوبارہ نشر کیے جانے والے شوز کی رائیلٹی ملا کرتی تھی، اگرچہ یہ پیسے بہت کم ہوتے تھے لیکن اس کے باوجود ہمیں خوشی ہوتی تھی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں 6 سال سے بیمار ہوں، سب نے میرا  ساتھ دیا اور  مدد کی لیکن میں سوچتی ہوں کہ کاش جو ہمارے شو ری پلے ہورہے ہیں اگر ان شوز کا کچھ فیصد حصہ آج بھی ہمیں ملتا رہتا تو مجھ جیسے بہت سے لوگوں کو آسانی ہوسکتی تھی‘۔

اداکارہ نے اپنے ویڈیو بیان میں درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا مطالبہ ہے آنے والے وقت میں اس حوالے سے کام کیا جائے کیونکہ یہ مجھ جیسے سینئر آرٹسٹ کے لیے بہت اچھا ہوگا جن کے  لیے بہت سی چیزیں مینیج کرنا بہت مشکل ہے‘۔

مزید خبریں :