پاکستان
Time 03 اپریل ، 2021

این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب 10 اپریل کو ہی ہوگا، الیکشن کمشنر پنجاب

الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار نے اعلان کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب 10 اپریل کو ہی ہوگا۔

 ڈسکہ میں این اے 75 کے ضمنی الیکشن کےحوالے سے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پریذائیڈنگ افسر پولنگ اسٹیشن پر ہی فارم 45 پر دستخط کرنے کا پابند ہوگا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پولنگ ایجنٹ فارم 45 لیے بغیر پولنگ اسٹیشن نہیں چھوڑے گا جبکہ انتخابی نتائج کی وصولی کے وقت کوئی سیاسی شخصیت ریٹرنگ افسر سے نہیں مل سکےگی۔

دوسری جانب الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھاکہ ڈسکہ الیکشن 10 اپریل کو ہی ہوگا اور الیکشن کے موقع پر سیکیورٹی مزید بڑھائی جائے گی۔

غلام اسرار خان کا کہنا تھاکہ متنازع پولنگ اسٹیشنز کا عملہ تبدیل کر دیا گیا ہے اور نئے پولنگ عملے کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن پر امن طریقے سے کرایا جائے گا، حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے این اے 75 ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حلقے میں دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں :