03 اپریل ، 2021
امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس کیپیٹل ہل کے باہر حملے میں ایک پولیس اہلکارہلاک جبکہ حملہ آور بھی مارا گیا۔
گزشتہ روز واشنگٹن ڈی سی میں مشتبہ شخص نے کیپیٹل ہل کی عمارت کے باہر گاڑی پولیس اہلکاروں پر چڑھادی تھی۔
واقعے میں ایک گاڑی عمارت کے پاس لگی سیکیورٹی رکاوٹ سے جا ٹکرائی اور گاڑی سے ایک شخص نکل کر پولیس اہلکاروں کی طرف چاقو لے کر دوڑا۔
پولیس اہلکاروں نے حملہ آور پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گیا۔ حملہ آورکی شناخت 25 سال کے سیاہ فام نوح گرین کے نام سے ہوئی اوراس کا تعلق انڈیاناسے تھا۔
حملے میں ایک پولیس اہلکار بھی ہلاک ہوا۔ حکام کے مطابق جمعے کو ہونے والے واقعے کو ’دہشت گردی‘ کا واقعہ نہیں کہہ سکتے تاہم واقعےکی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔