مسز سری لنکا کے مقابلے میں تنازع پیدا ہوگیا

 مسز سری لنکا 2021 کی فاتح حسینہ کے سر پر سجا تاج  ان کے طلاق یافتہ ہونے کے  جھوٹے دعویٰ کے باعث اتار دیا گیا تاہم دعوے غلط ثابت ہونے پر انہیں دوبارہ یہ تاج دیا گیا۔

اتوار کے روز ہونے والی تقریب میں پشپیکا ڈی سلوا کو مسز سری لنکا کے خطاب سے نوازا گیا تھا تاہم کچھ ہی دیر بعد 2019 کی فاتح کیرولین جیوری  نے پشپیکا کا تاج اس دعویٰ سے اتاردیا کہ پشپیکا چونکہ طلاق یافتہ ہیں لہٰذااس اعزاز کی حق دار نہیں۔

جیوری کاکہنا تھا کہ پشپیکا  طلاق یافتہ ہیں لہٰذا قواعد کے مطابق مسز سری لنکا کا اعزاز نہیں جیت سکتیں کیونکہ اصول کے مطابق  مسز سری لنکا کے فاتح کے لیے شادی شدہ ہونا ضروری ہے ناکہ طلاق یافتہ، جس کے بعد جیوری نے مسز سری لنکا کا تاج پشپیکا کے سر سے اتار کر رنر اپ کے سر پر سجادیا ۔

بعد ازاں منتظمین کی جانب سے تصدیق کی گئی کہ پشپیکا طلاق یافتہ نہیں  بلکہ شوہر سے علیحدگی اختیار کیے ہوئے ہیں، منتظمین نے پشپیکا سے معافی مانگتے ہوئے  تاج  پشپیکا کو  واپس کردیا۔

پشیکا نے دوران تقریب تاج سر سے اتارے جانے کے باعث زخمی ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے جب کہ ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی اور بے عزتی پر قانونی چارہ جوئی کریں گی۔