پاکستان
Time 07 اپریل ، 2021

جہانگیر ترین کے شکوے پر شہزاد اکبر نے جواب دے دیا

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ اور احتساب مرزا شہزاد اکبر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین کے شکوے کا جواب دے دیا۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر داخلہ نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ احتساب اور قانون کی بالادستی کا نعرہ لگا کر دوسروں کو پکڑیں اور اپنوں کو چھوڑ دیں، آپ کانعرہ احتساب کا ہےتو پھر یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ صرف دوسروں کا احتساب کریں۔ 

ان کا کہنا تھاکہ کسی ایک گروہ یا شخص کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھاکہ اندازے لگائے جارہے ہیں کہ جہانگیر ترین شاید میرے اورپرنسپل سیکرٹری سے متعلق بات کررہے ہیں، جہانگیر ترین سے ذاتی طور ہر میرا کوئی مسئلہ نہیں، جہانگیر ترین کامیاب بزنس مین ہیں، میرا رول بہت مشکل ہے، اس میں دوست بھی کھو جاتے ہیں، جن جن لوگوں نے چینی میں پیسہ کھایا ان سے واپس لیں گے۔

 پی ٹی آئی ارکان کے جہانگیر ترین کے ساتھ عدالت جانے پر شہزاد اکبر نے کہا کہ ان کی ذمے داری احتساب کی نہ ہوتی تو شاید وہ بھی ساتھ چلے جاتے، ساتھ جانے کا مقصد گروپ بنانا نہیں۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین نے وزیراعظم عمران خان سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفاداری کا امتحان لیا جا رہا ہے، دوست تھا دشمنی کی جانب کیوں دھکیل رہے ہیں۔

مزید خبریں :