08 اپریل ، 2021
اداکار عمران عباس کا کہناہےکہ اداکارہ میرا مکمل طور پر ٹھیک ہیں اور ان کی ذہنی حالت میں کوئی خرابی نہیں۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر عمران عباس نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اداکارہ میرا کے ساتھ امریکا میں پیش آئے واقعے سے متعلق کچھ وضاحت کی۔
انہوں نے کہا کہ ‘میرا نے آج صبح ہی مجھے کال کرکے ، تمام میڈیا اور سوشل میڈیا کو یہ واضح کرنے کے لیے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر ٹھیک ہیں اور ان کی ذہنی حالت میں کوئی خرابی نہیں ہے‘۔
عمران عباس نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’برائے مہربانی کوئی سنسنی کہانی نہ بنائیں اور نہ ہی اس کا مذاق بنائیں، کسی شخص کو ذہنی طور پر بیمار کہنا مذاق نہیں ہے ، ایسا شخص معاشرے میں اپنی ساکھ کھودیتا ہے، اس کے علاوہ یہ صورتحال اس شخص کی ذہنی حالت خراب کرسکتی ہے اور اسے سخت کارروائی کرنے پر مجبور کرسکتی ہے، یہ سب کچھ اس کے کیرئیر کے لیے واقعی نقصان دہ ہے اور مختلف طریقوں سے اس پر منفی اثر ڈال سکتا ہے‘۔
اداکار نے میرا کا دفاع کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ہم میں سے کوئی بھی پرفیکٹ نہیں ہے اور ہم میں کسی نہ کسی طرح کوئی نہ کوئی خامیاں موجود ہیں، پرفیکشن ایک ایسا لفظ ہے جو خالق کے لیے موزوں لگتا ہے‘۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ ‘میرا کو ٹھیک ہونے کے لیے آپ کی ہمدردی اور دعاؤں کی ضرورت نہیں ہے، برائے مہربانی جھوٹی تشویش کا اظہار نہ کریں،اس بیمار معاشرے ، نیوز چینل اور سوشل میڈیا کے لیے دعا کیجیے جو درحقیقت اپنے مذاق اور مضحکہ خیز افواہوں کے ذریعے کسی کو بھی خودکشی پر مجبور کرسکتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر میرا کی والدہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو کسی نے امریکا کے مینٹل اسپتال میں داخل کرادیا ہے۔