دنیا
Time 08 اپریل ، 2021

پاکستانی پارلیمانی وفد کا دورہ ملتوی ہونے پر افغان حکام کی وضاحت

پاکستان کے پارلیمانی وفد کا دورہ ملتوی ہونے پر افغان حکام کی وضاحت بھی سامنے آ گئی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ افغانستان کا دورہ کرنا تھا تاہم پاکستانی وفد کے جہاز کو کابل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت نہ ملی اور دورہ ملتوی کر دیا گیا۔

اس حوالے سے کابل میں حامدکرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ کے قریب عمارت میں دھماکا خیز مواد کی موجودگی کی اطلاع تھی، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر طیارے کو لینڈنگ سے روکا گیا۔

دوسری جانب اسپیکر اسد قیصر کو افغان پارلیمان کے سربراہان نے ٹیلیفون کیا اور کہا کہ پاکستانی وفد کی سکیورٹی ہرچیز پر مقدم ہے۔

اسد قیصر کو افغان چیئرمین سینیٹ فضل ہادی اور اسپیکر ولوسی جرگہ میر رحمان نے الگ الگ ٹیلیفون کیا۔

سربراہان افغان پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد کا جہاز سکیورٹی خدشات کے باعث کابل ائیرپورٹ پر نہیں اتر سکا، امید ہے بہت جلد پاکستان کا پارلیمانی وفد کابل کے دورے پر آئے گا۔

اسد قیصر نے افغان رہنماؤں کو یقین دہائی کروائی کہ سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر جلد افغانستان آؤں گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،  افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزید خبریں :