08 اپریل ، 2021
کراچی: سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے نسلہ ٹاور کو خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا۔
کراچی میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ایس بی سی اے کی رپورٹ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایس بی سی اے بلڈروں کا ایجنٹ ہے۔
دوران سماعت سپریم کورٹ نے کراچی کی سندھی مسلم سوسائٹی میں سڑک پر بنے نسلہ ٹاور کو غیر قانونی قرار دیا اور چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ روڈ کی جگہ پر بلڈنگ بنا رہے ہیں۔
عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ایس بی سی اے نے شارع فیصل پر واقع نسلہ ٹاور کے مالک اور مکینوں کو عمارت خالی کرنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس سندھ بلڈنگ کنٹرول ایسٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمارت کو بغیر کمپلیشن پلان حاصل کر کے آباد کیا گیا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹس میں نسلہ ٹاور کے مکینوں کو 7 روز کے اندر عمارت خالی کرنے کا کہا گیا ہے۔