دنیا
Time 09 اپریل ، 2021

برطانیہ کے شہزادہ فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

برطانیہ کی ملکہ ایلزبتھ کے شوہر  شہزادہ فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بکنگھم پیلس نے بھی شہزادہ فلپ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہزادہ فلپ کا انتقال آج صبح قلعہ ونڈسر میں ہوا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ فلپ کی طبیعت کچھ عرصے سے خراب تھی اور انہیں رواں برس فروری میں طبیعت خراب ہونے پر اسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا۔

شہزادہ فلپ بیماری اور عمر کی زیادتی کے باعث اگست 2017 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو گئے تھے اور  انہیں آخری بار جولائی 2020 میں کسی عوامی تقریب میں دیکھا گیا تھا۔

شہزادہ فلپ یونان اور ڈنمارک کے شہزادہ اینڈریو اور بیٹنبرگ کی شہزادی ایلس کے ہاں پیدا ہوئے تاہم ابھی وہ شیرخوار تھے کہ ان کی فیملی کو ملک بدر کر دیا گیا۔

فرانس اور جرمنی میں تعلیم کے حصول کے بعد شہزادہ فلپ نے 1939 میں برٹش رائل نیوی جوائن  کی اور 1947 میں ملکہ ایلزبتھ سے شادی سے پہلے انہوں نے یونان اور ڈنمارک کی شاہی ذمہ داریاں چھوڑ دی تھیں اور پھر ان کے لیے ڈیوک آف ایڈنبرگ کا عہدہ تخلیق کیا گیا۔

مزید خبریں :