10 اپریل ، 2021
مقبول بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 9 کی کنٹسٹنٹ اداکارہ ریمی سین کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ سوچا کرتی تھیں کہ بگ باس ایک بیکار شو ہے لیکن اس میں صرف پیسوں کے لیے کام کیا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویومیں ریمی سین نے کہا کہ انہوں نے بگ باس کے سیزن 9 میں کام صرف اس لیے کیا کیوں کہ انہیں اچھے خاصے پیسوں کی پیش کش ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سوچا کرتی تھیں کہ بگ باس ایک بیکار شو ہے جہاں لوگ 3 ماہ تک کافی کے لیے لڑتے ہیں لیکن کیونکہ بگ باس اچھے خاصے پیسوں کی آفر کرتا ہے لہٰذا کام کرنے کے لیے راضی ہوگئی۔
ریمی کے مطابق بگ باس شو ایک ایسی تعطیلات کی طرح لگتا ہے جس کا آپ کو معاوضہ ملتا ہے لیکن جب میں اس گھر (بگ باس) میں داخل ہوئی تو مجھے محسوس ہوا کہ یہ کس طرح آپ کی نفسیات سے کھیل رہا ہے، بگ باس میں ہر شخص ایک دوسرے کو برا کہتا ہے، میں نہیں لڑتی کیونکہ یہ میرے نزدیک کوئی حل نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ریمی سین بگ باس کے معاوضے سے متعلق گفتگو کرچکی ہیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے بگ باس صرف پیسوں کے لیے کیا مجھے بگ باس نے 49 دنوں میں 2 کروڑ 25 لاکھ دیے جب کہ کوئی بھی شخص اتنے مختصر وقت میں اتنا پیسہ نہیں کماسکتا۔