10 اپریل ، 2021
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی ذیشان رفیق کو نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے عائد پابندی کے باوجود مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی ذیشان رفیق ضمنی الیکشن کے دوران بونکانوالا پولنگ اسٹیشن پہنچے۔
ذیشان رفیق کے پولنگ اسٹیشن پہنچنے پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے لیگی ایم پی اے کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا جس کے باعث پولیس نے رکن پنجاب اسمبلی ذیشان رفیق کو واپس جانے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق کو نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حلقے کا دورہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، ایم پی اے ایک روز میں اپنا جواب جمع کروائیں، بصورت دیگر ان کے کارروائی کی جائے گی۔