Time 11 اپریل ، 2021
پاکستان

بلاول کی جانب سے پی ڈی ایم کا شوکاز نوٹس پھاڑ کر پھینکنے پر احسن اقبال کا ردعمل

مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نےچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری کی جانب سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا شوکاز نوٹس پھاڑ کر پھینکنے پر اپنا ردعمل دیا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا ہےکہ اگر بلاول بھٹو زرداری نے آج پی ڈی ایم کا وضاحتی نوٹس پھاڑ کر پھینک دیا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم سے اپنی وابستگی کو بھی ریزہ ریزہ کردیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت کو اب سوچنا ہوگا کہ کیا پی ڈی ایم کی صفوں میں دو عملی کو جاری رکھا جائے یا یکسوئی قائم کی جائے۔

خیال رہےکہ بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں دیگر امور سمیت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے شوکاز نوٹس کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے شرکاء کو پی ڈی ایم کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی کا بھیجا گیا شوکاز نوٹس پڑھ کر سنایا اور اس کے بعد انہوں نے شوکاز نوٹس کوپھاڑ کر پھینک دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی جانب سے شوکاز نوٹس پھاڑے جانے پر سی ای سی کے شرکاء کی جانب سے تالیاں بھی بجائی گئیں۔

اس موقع پر بلاول کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کے لیےکرتے ہیں، عزت سے بڑھ کرکچھ نہیں۔

یاد رہےکہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے ووٹ مانگنے پر پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے جس پر پی پی پی نے سخت ردعمل اور اے این پی نے اتحاد سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :